بادشاہ ہار گیا
مینا ایک خوبصورت اور رحم دل لڑکی تھی۔اُس کی جانوروں کے ساتھ بہت دوستی تھی۔اسی لئے اُس نے جنگل میں ایک چھوٹا سا آشیانہ بنا رکھا تھا۔جس میں وہ اور اُس کے ماں باپ رہتے تھے۔
وہاں اُس نے بہت سے جانور بھی پال رکھے تھے۔وہ اپنا زیادہ تر وقت اُن کے کھانے پینے اور اُن کے ساتھ کھیل کود میں گزارتی تھی۔جنگل کے ساتھ ہی ایک تالاب بھی تھا۔جس کا پانی مینا اور اُس کے گھر والے پینے اور نہانے کیلئے استعمال کرتے تھے۔
وہ اپنی اس چھوٹی سی دنیا میں بہت خوش تھی کہ اچانک اُس کی پیاری سی دنیا کو کسی کی نظر لگ گئی۔
ہوا یوں کہ ایک روز اُس ریاست کا بادشاہ وہاں اپنے ساتھیوں کے ساتھ شکار کیلئے آ دھمکا،اُسے مینا کا پالتو مور بہت پسند آیا اور وہ مور اُس نے اپنے ساتھ لے جانے کا فیصلہ کر لیا،مینا روتی رہی چلاتی رہی لیکن بادشاہ نے اُس کی ایک نہ سنی اور اُس مور کو اپنے ساتھ محل لے آیا۔
(جاری ہے)
مینا نے آس پاس کے لوگوں سے اپنا مور واپس لانے کیلئے مدد مانگی لیکن کسی نے بھی مینا کی مدد نہ کی۔کوئی اور راستہ نہ پا کر آخرکار مینا نے اپنی مدد آپ کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنے تمام جانوروں اور تالاب کو ساتھ لے کر وہ بادشاہ کے محل کی طرف چل پڑی۔
وہاں پہنچ کر اُس نے بادشاہ کو اپنے آنے کا مقصد بتایا تو بادشاہ کو بہت غصہ آیا۔اُس نے مینا اور اُس کے تمام ساتھیوں کو جیل میں قید کر دیا اور پھر اپنے سپاہیوں کو حکم دیا کہ ان سب پر موٹے موٹے چوہے چھوڑ دیئے جائیں۔یہ دیکھ کر مینا نے اپنی ایک وفا دار بلی کو بلایا اور اُسے چوہے کھانے کا حکم دیا تو وہ بلی سارے چوہوں کو ہڑپ کر گئی۔
اگلی صبح بادشاہ نے مینا اور اُس کے ساتھیوں کو صحیح سلامت دیکھا تو اُن سپاہیوں کو حکم دیا کہ ان سب پر ہاتھی چھوڑ دیا جائے مگر مینا نے اپنی خاص چیونٹی کی مدد حاصل کی جس نے ہاتھی کی سونڈ میں گھس کر اُسے مار ڈالا۔اگلی صبح بادشاہ نے اپنے سپاہیوں کو حکم دیا کہ اس لڑکی مینا کو میرے پلنگ کے ساتھ باندھ دو اور کھانا پینا مت دو۔
اچھا ہے کہ یہ بھوکی ہی مر جائے۔چنانچہ ایسا ہی کیا گیا،رات کو مینا نے اپنے ساتھی تالاب کو بلا لیا جو بادشاہ کو پلنگ سمیت بہا کر لے گیا۔یہ دیکھ کر بادشاہ خوف سے چلانے لگا اور اُس نے فوری طور پر مور کو آزاد کرنے کا حکم دے دیا۔مینا اپنے ساتھیوں کو لے کر واپس جنگل میں آ گئی اور سب وہاں ہنسی خوشی رہنے لگے۔